غزہ پر بڑھتی ہوئی امریکی و صیہونی جارحیت علاقائی تنازعے کی شکل اختیار کر لے گی، شیخ نعیم قاسم
شیعہ نیوز: لبنان کی مقاومتی تحریک "حزب الله” کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل "شیخ نعیم قاسم” نے خبردار کیا ہے کہ اگر غزہ پر صیہونی و امریکی جارحیت نہ رکی تو یہ جنگ پھیل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حزب الله اس جنگ میں غزہ سے دباو کم کرنے کے لئے شامل ہوئی۔ ہمارے بڑھتے ہوئے حملے اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اگر اسرائیل اپنے حملوں کو وسعت دے گا تو اسے سنگین نقصان اٹھانا پڑے گا۔ واضح رہے کہ حزب الله نے طوفان الاقصیٰ کے آغاز سے ہی صیہونی رژیم پر میزائل اور توپ حملے انجام دئیے تھے اور یہ حملے ابھی تک جاری ہیں۔ گزشتہ روز اسرائیل نے جنوبی لبنان میں ایک گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے 4 نہتے شہریوں کو شہید کر دیا۔ اس گاڑی میں تین بچے اور ان کی والدہ سوار تھیں۔ جس کے جواب میں حزب الله نے صیہونی کالونی "کریات شمونا” پر متعدد راکٹ داغے۔ یہ صیہونی حملہ جنوبی لبنان میں ایک ڈرون کے ذریعے انجام دیا گیا جس میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد شہید ہو گئے تھے۔
اس حملے کے بعد اسرائیل نے مقاومت کے رد عمل کے پیش نظر اپنے شہریوں کو کالونیاں خالی کرنے اور محفوظ مقامات پر جانے کا نوٹس دے دیا۔ حزب الله نے اس بات کا یقین دلایا کہ عام شہریوں کو نشانہ بنانے پر صیہونی رژیم کو فوراََ جواب دیا جائے گا۔ اُدھر حزب الله کے پارلیمانی دھڑے کے رکن "حسن فضل الله” نے مذکورہ بالا صیہونی جارحیت پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ لبنان کے شہید بچوں کا لہو غزہ کے بچوں سے جا ملا۔ حسن فضل الله نے کہا کہ دشمن کو اس اقدام کی بھاری قیمت چکانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہریوں کو ایک عادی مجرم کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی رژیم اپنے اس جرم کی کوئی وضاحت نہیں کر سکتی۔ وہ ہمارے شہریوں کو خوفزدہ نہیں کر سکتے اور ہم ہر قیمت پر صیہونی دشمن کا مقابلہ کریں گے۔