اسلامی تحریک نے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ نون کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا
شیعہ نیوز: اسلامی تحریک پاکستان نے 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ سربراہ تحریک علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت کی روشنی میں علامہ شبیر میثمی اور علامہ ناظر عباس تقوی نے مسلم لیگ نون کی حمایت کا اعلان وفاقی وزیر خرم دستگیر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اسلامی تحریک پاکستان کے مابین صوبہ پنجاب کے 20 حلقوں کے ضمنی انتخابات کے لئے مفاہمت طے پا گئی ہے، جس کے تحت اسلامی تحریک پاکستان پنجاب کے 20 حلقوں میں پاکستان مسلم لیگ نون کے امیدواروں کی تائید کرے گی۔ اس امر کا اعلان مسلم لیگ نون کے رہنماء وفاقی وزیر پانی و بجلی خرم دستگیر اور اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے دیگر رہنماؤں علامہ ناظر عباس تقوی، زاہد علی آخونزادہ، اسلام آباد کے سابق ڈپٹی میئر اور مسلم لیگی رہنماء ذیشان نقوی کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور اسلامی تحریک پاکستان کے رہنماؤں میں کامیاب مذاکرات کے بعد یہ مفاہمت طے پائی ہے، جس کے تحت صوبہ پنجاب کے 20 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں اسلامی تحریک پاکستان مسلم لیگ نون کے امیدواروں کی تائید کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی میں اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا ایک اہم کردار رہا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ اس مفاہمت کے بہترین اثرات کے نتیجے میں مستقبل میں بھی اسلامی تحریک پاکستان ملک و قوم کے بہترین مفاد اور جمہوریت کی بقاء میں جاری مشترکہ جدوجہد میں ساتھ دے سکے گی۔ علامہ ڈاکٹر شبیر میثمی نے کہا کہ ملک و قوم کے بہترین مفاد میں مفاہمت یقیناً ثمر آور ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس مفاہمت کے نتیجے میں 17 جولائی کو صوبہ پنجاب کے 20 حلقوں میں منعقدہ ضمنی انتخاب میں اسلامی تحریک پاکستان پاکستان مسلم لیگ نون کے امیدواروں کی تائید کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ نون مفاہمت کے نکات پر جلد عملدرآمد ممکن بنا کر عوام کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرے گی۔