اسلامی تحریک آج بھی عوام کا اولین انتخاب ہے، علامہ شبیر میثمی
شیعہ نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کا کہنا ہے کہ اسلامی تحریک پاکستان آج بھی عوام کا اولین انتخاب ہے، ملک و قوم کی فلاح کے لیے ہمارے کارکنان نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں، اس ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے عوام اس بار اسلامی تحریک کو ووٹ دیں۔
اسلامی تحریک پاکستان کے ذمہ داران کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے علامہ شبیر حسن میثمی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے پاس ملک کو معاشی بحران اور بدحالی سے نکالنے کے لیے کوئی پالیسی موجود نہیں، مختلف نعروں سے عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے، انہی لوگوں نے سال لہا سال حکومت کی لیکن ملک اور عوام کو یہ بدحالی سے نہیں نکال سکے۔
جذباتی نعروں سے عوام کی تقدیر نہیں بدل سکتی، ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بدعنوان حکمرانوں کو عوام پر مسلط کیا جاتا ہے، اس وقت صرف ملک بچانے کی بات نہیں بلکہ دین اسلام کا تحفظ بھی ہماری ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : غاصب صیہونی حکومت نے ظلم کی تمام حدیں پار کر لی ہیں، حجۃ الاسلام علی اکبری
دوسری جانب شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی تہران کا دورہ مکمل کرکے قم المقدس پہنچ گئے۔
انہوں نے مسئول شعبہ خدمت زائرین دفتر قائد ملت جعفریہ قم المقدس سید ناصر انقلابی کی ولی العصر ؑ ہاسپٹل قم میں عیادت کی اور ان کی جلد شفایابی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ ڈاکٹر شبیرحسن میثمی کے ہمراہ علماء کرام اور ان کے فرزند ڈاکٹر محمد میثمی بھی موجود تھے۔