
24 گھنٹے میں اسرائیلی فوج کے سنگین ترین جانی نقصانات پہنچے ہیں، صیہونی فوجی مبصر
شیعہ نیوز: صیہونی حکومت کے ایک فوجی مبصر نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں اسرائیلی فوج کو سنگین ترین جانی نقصانات پہنچے ہیں۔
المصری ویب سائٹ نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل 12 نے اسرائیلی فوجی مبصر برہام منیر کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں غزہ میں صیہونی فوج کی 25 بکتر بند گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔
اسرائیل کے مذکورہ فوجی مبصر کے مطابق غزہ میں چوبیس گھنٹے میں 75 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے ہیں جس کی اس سے پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔
یہ بھی پڑھیں : صیہونی حکومت، نیتن یاہو اور گالانٹ میں اختلافات منظر عام پر
دوسری طرف صیہونی حکومت کی فوج کے ترجمان نے غزہ کی جنگ میں مزید تین اسرائيلی فوجیوں کے ہلاک اور ایک کے زخمی ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کی ریزرو فورس کی بریگیڈ 55 کی بٹالین 5566 کا سارجنٹ نیریا شاعراور انجینیرنگ کور کی بریگیڈ 401 کی بٹالین 601 کا میجر بین زوسمان اور سارجنٹ بن یامین یہوشوع نیدھام غزہ میں گزشتہ روز ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں میں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران پوری غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے شدید فضائی حملوں کے دوران شمالی اور جنوبی غزہ میں صیہونی فوجیوں اور استقامتی فلسطینی محاذ کے مجاہدین کے درمیان سخت جھڑپیں ہوئی ہیں۔
یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے چھے روزہ عبوری جنگ بندی کے بعد،عالمی رائے عامہ، بین الاقوامی اداروں، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور امدادی اداروں کی اپیلوں کومسترد کرتے ہوئے، گزشتہ جمعے سے غزہ پر وحشیانہ حملوں اور بے گناہ فلسطینی عوام، عورتوں اور بچوں کے قتل عام کا دوبارہ آغاز کردیا ہے۔