اس دور کے فرعونوں سے فلسطین کی سرزمین آزاد کرانی ہوگی، سردار عبدالرحیم
شیعہ نیوز:جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر حملوں کی شدید مذمت اور مظلوم و نہتے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ فلسطین انبیاء کی سرزمین ہے، صیہونی استکباری طاقتوں نے ظلم، جبر اور بربریت اور قتل عام کے ذریعے فلسطینیوں کی سر زمین پر قبضہ کر رکھا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسی ریاست جس کی بنیاد قتل وحشت و بربریت بے رحمی اور لاقانونیت پر ہو اللہ کے وعدے کے مطابق قائم نہیں رہ سکتا، دہرے معیار کے بجائے عالمی دنیا کو اس سنگین کشیدگی کی وجہ اور اس کے حل کی طرف جانا ہوگا، عالمی دنیا اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کی قراردادوں پر عمل کروائے، سندھ سمیت ملک بھر کے عوام مظلوم و نہتے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہیں، دعا ہے کہ فلسطینی عوام کو جلد آزادی حاصل ہو، اس دور کے فرعونوں سے فلسطین کی سرزمین آزاد کرانی ہوگی