کراچی میں چپ تعزیے کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیان پہنچ کر اختتام پزیر ہوگیا
شیعہ نیوز:شہر قائد میں آج 8 ربیع الاول کو شہادتِ امام حسن عسکری علیہ السلام کے موقع پر چپ تعزیئے کا پہلا مرکزی جلوس صبح نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔ کراچی میں شہادت امام حسن عسکری علیہ السلام کے موقع پر چپ تعزیہ کا جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا، مرکزی جلوس عزا سے قبل نشتر پارک میں بعد نماز فجر صبح ساڑھے چھ بجے مجلس عزا منعقد ہوئی، مجلس عزا سے مولانا سید علی کرار نقوی نے خطاب کیا۔ بعد ازاں چپ تعزیہ کا مرکزی جلوس بوتراب اسکاوٹس کی قیادت میں نشترپارک سے برآمد ہوا اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا، کھارادر حسنینہ ایرانیان امام بارگاہ سے ہوتا ہوا نور باغ مسافرخانہ پر اختتام پذیر ہوا۔
مرکزی جلوس کی سکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کیے گئے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی، جلوس کی گزرگاہ میں واقع بلند عمارتوں پر اسنائپرز تعینات کئے گئے تھے۔ اس کے علاوہ بم ڈسپوزل اسکواڈ، سراغ رساں کتوں کی مدد سے جلوس کی گزرگاہ کی سوئیپنگ مکمل کی گئی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی جلوس کی مانیٹرنگ کی گئی۔ ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس نے متبادل راستے دیئے گئے تھے۔ کراچی میں چپ تعزیئے کا دوسرا جلوس بعد نمازِ ظہرین امام بارگاہ قصر مسیب رضویہ سوسائٹی ناظم آباد سے برآمد ہو کر مارٹن روڈ شاہ نجف امام بارگاہ پر ختم ہوگا۔