سید مقاومت کی شہادت نے اسرائیلی رژیم کے خاتمے کو مزید قریب کر دیا ہے، محمد علی الحوثی
شیعہ نیوز: یمن میں دوسری رسول اعظم (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) بین الاقوامی کانفرنس کے اختتام پر رکن یمنی سپریم پولیٹیکل کونسل محمد علی الحوثی نے اعلان کیا ہے کہ ہم فلسطین و لبنان میں اپنے بھائیوں کی اپنی پوری طاقت کے ساتھ حمایت جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر محمد علی الحوثی کا کہنا تھا کہ سید مقاومت کی شہادت نے غیرقانونی و سفاک صیہونی رژیم کے خاتمے کو مزید قریب کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سید حسن نصر اللہ کی شہادت مزید گہری کوششوں و نئی جدوجہد کا سبب بنے گی اور غاصب صیہونی رژیم کے خاتمے پر مبنی الہی وعدے کو جلد بر لائے گی۔ واضح رہے کہ غاصب صیہونی فوج نے گذشتہ جمعے کی شام بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ پر 1 ٹن وزن کے حامل 80 سے زائد بنکر بسٹر نامی امریکی بموں کے ساتھ وحشیانہ بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ اور اعلی کمانڈروں سمیت بڑی تعداد میں عام لبنانی شہری بھی شہید و زخمی ہوئے تھے۔