یمن پر جارحیت کے منصوبہ ساز امریکہ، اسرائیل اور برطانیہ ہیں: انصارالله
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) یمن کی عوامی تحریک انصارالله کے سیکریٹری جنرل نے استقامت و مزاحمت کے قومی دن کی مناسبت پر عوام سے براہ راست خطاب میں کہا کہ یمن پر جارحیت کے منصوبہ ساز امریکہ، اسرائیل اور برطانیہ تھے۔
یمن میں مزاحمت و استقامت کے قومی دن کی مناسبت سے عوام کو خطاب کرتے ہوئے سید بدرالدین عبد الملک الحوثی نے کہا کہ یمن کے خلاف جنگ و جارحیت کا منصوبہ امریکہ، صیہونی حکومت اور برطانیہ نے مل کر تیار کیا ہے اور اس جنگ میں برطانیہ نمایاں طور پر شامل ہے۔
یمنی حکومت کے نگران اعلیٰ نے مزید کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات امریکی صیہونی اور برطانوی منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے آلہ کار کے طور پر استعمال ہو رہے ہیں جبکہ سعودی اتحاد کے دیگر رکن ممالک کو پیسہ دے کر خریدا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن پر جارحیت سے واضح ہو گیا کہ کون حق پر ہے اور کون باطل ہے۔
عبدالملک بدرالدین الحوثی کا کہنا تھا کہ یمن کے رہائشی علاقوں پر تابڑ توڑ حملے اور عوام کا کے قتل عام کے باوجود عالمی اداروں کی ڈرامائی خاموشی کی وجہ سے اس قسم کے حلے جاری رہے حتی بعض نے تو یمنی عوام کے قتل عام کا خیر مقدم بھی کیا۔
واضح رہے کہ یمن پر جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں کو سات برس مکمل ہوگئے ہیں ۔
جارح سعودی اتحاد نے چھبیس مارچ دوہزار پندرہ کو یمن پر وحشیانہ حملوں اور جارحیت کا آغاز کیا تھا جو بدستور جاری ہے اور اس جارحیت کو سات برس مکمل ہوچکے ہیں۔ اس دن کو یمن میں قومی استقامت و مزاحمت سے موسوم کر دیا گیا ہے۔
جارح سعودی اتحاد ابھی تک یمن میں اپنا کوئی بھی مقصد حاصل نہیں کرسکا ہے۔ یمن کے خلاف سعودی اتحاد کی جارحیت ایسے میں جاری ہے جب سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کئی بار بحران یمن کے خاتمے کے لیے تجاویز پیش کرنے کا دعوی کرچکے ہیں تاہم یمن کی قومی حکومت کا کہنا ہے کہ ریاض حکومت کی پیش کردہ تجاویز میں کوئی نئی بات شامل نہیں ہے۔