شہید ضیاء الدین رضویؒ کی 20ویں برسی پر قائد ملت جعفریہ کا پیغام
ملی پلیٹ فارم کے ذریعہ گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کی جدوجہد کو آگے بڑھانا شہید آغا ضیاءالدین رضوی کا مشن تھا کیونکہ ملی پلیٹ فارم کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ روز اول سے ہی اس نے ان پسماندہ اور محروم علاقوں کے آئینی حقوق کیلئے صدا بلند کی
شیعہ نیوز: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ممتاز، معروف اور متحرک مذہبی و سماجی شخصیت شہید علامہ سید ضیاء الدین رضوی کی 20 ویں برسی کے موقع پر کہا ہے کہ گلگت بلتستان کاخطہ کئی حوالوں سے منفرد حیثیت کا حامل ہے تاہم اس کا معتبر اور مستند حوالہ وہاں کے باشعور اور محب وطن عوام کا دین و دانش سے والہانہ تعلق اور علم دوست طبقات سے گہری عقیدت و وابستگی ہے جس کے لئے علامہ سید ضیاءالدین رضوی کی جدوجہد اور کوششوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا ہے کہ اگرچہ درپیش مسائل پر شہید ضیاء الدین کاموثراور جاندار کردار واضح ہے تاہم گلگت بلتستان کے عوام کے معاشرتی، تعلیمی اروا سیاسی حقوق کیلئے انکی بھر پور جدوجہد مشعل راہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی ایران کے ساتھ سرحدی راہداری تجارت کے فروغ پر تاکید
علامہ ساجد نقوی نے مزید کہاکہ ملی پلیٹ فارم کے ذریعہ گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کی جدوجہد کو آگے بڑھانا شہید آغا ضیاء الدین رضوی کا مشن تھا کیونکہ ملی پلیٹ فارم کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ روز اول سے ہی اس نے ان پسماندہ اور محروم علاقوں کے آئینی حقوق کیلئے صدا بلند کی اور جماعت کے ہر اہم اجتماع اور اجلاس کے ایجنڈے پر آئینی حیثیت کا تعین اور عوام کے محرومی و پسماندگی کا خاتمہ سرفہرست رہا ہے۔چنانچہ اس لازوال اور مسلسل جدوجہد نے حکومتوں کو آواز پر کان دھرنے پر مجبور کیا اور ان علاقوں کی تعمیر و ترقی اور حقوق کے حوالے سے ایک حد تک پیش رفت ہوئی تاہم اب بھی ہم سمجھتے ہیں کہ مکمل حقوق کی خاطر ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ گلگت بلتستان میں نصاب تعلیم جیسے اہم او ر حساس معاملہ میں شہید علامہ سید ضیاء الدین رضوی کی مثبت کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور جدوجہدکو آگے بڑھانے کے لئے کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہید رضوی کی ملی،مذہبی اور سماجی خدمات کوسراہتے ہوئے ان سے سبق حاصل کرنے کی توقع کی اور شہید کے علو درجات کی دعا کی ۔