سبی دھماکے جیسے بزدلانہ اقدامات سے قوم کے حوصلوں کو پسپا نہیں کیا جا سکتا، علامہ راجہ ناصر عباس
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ سبی میں پی ٹی آئی کی ریلی میں دھماکے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس طرح کے بزدلانہ اقدامات سے قوم کے حوصلوں کو پسپا نہیں کیا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں : سانحہ شکار پور کے شہدا کے ورثا نے سندھ حکومت سے انصاف کا مطالبہ دہرا دیا
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ جو طاقتیں انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں وہ ملک کے معاشی استحکام کے دشمن ہیں۔جب تک ملک میں شفاف انتخابات کے ذریعے سیاسی استحکام نہیں آ جاتا تب تک ملک بحرانوں سے نہیں نکل سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا ملکی سیاست میں اہم کردار ہے۔ اسے انتخابات سے دور رکھنے اور پی ٹی آئی کے کارکنان کو خوفزدہ کرنے کا کوئی بھی حربہ اب کسی صورت کامیاب نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ پی ٹی آئی کی انتخابی ریلیوں اور کارنر میٹنگز کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے احکامات صادر کرے۔