شہید سلیمانی کا سب سے اہم کارنامہ خطے میں مزاحمتی محاذ کا احیاء ہے، رہبر معظم
شیعہ نیوز: رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے آج سہ پہر شہید جنرل سلیمانی کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران شہید کے نام اور خصوصیات کے چرچے کو ان کے اخلاص کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ خطے میں مزاحمتی محاذ کا احیاء شہید سلیمانی کا عظیم کارنامہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کے اہل خانہ سے ملاقات میں فرمایا کہ خطے میں مزاحمتی محاذ کو مضبوط بنانے میں شہید سلیمانی کا کردار اور خدمات بے مثال ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے جنرل قاآنی کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ مزاحمتی محاذ کو مضبوط کرنے کا سلسلہ اسی خلوص اور لگن کے ساتھ جاری رہنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : سی ٹی ڈی کا مختلف شہروں سے 22 دہشتگرد گرفتار کرنے کا دعویٰ
انہوں نے غزہ میں تقریباً تین ماہ سے جاری مزاحمت کو محور مقاومت کی میدان میں موجودگی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ شہید سلیمانی نے مزاحمتی محاذ کے احیاء کے لیے بہت زیادہ کوششیں کیں اور اس کام کو انہوں نے اسی جذبہ اخلاص، حکمت اور اخلاق کے ذریعے سر انجام دیا۔
حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاانی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مزید فرمایا کہ مزاحمتی محاذ کو مضبوط کرنے کا سلسلہ بدستور جاری رہنا چاہیے۔
اس ملاقات میں شہید کی صاحبزادی زینب سلیمانی نے نوجوان نسل میں شہید سلیمانی کا جذبہ، کردار اور خصائل کو منتقل کرنے کے لئے انجام دی گئی ثقافتی اور ہنری سرگرمیوں کے بارے میں ایک مختصر رپورٹ پیش کی۔