
حکومتی وزیروں کو جھوٹے بیان کا آرڈر اوپر سے آیا ہے، شیخ اکبر رجائی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین ضلع کھرمنگ کے صدر اور ممبر صوبائی اسمبلی شیخ اکبر علی رجائی نے حالیہ گندم قیمتوں میں اضافے کے ظالمانہ اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر تعمیرات امجد زیدی سمیت ہر حکومتی وزیر کو اوپر سے آرڈر آیا ہے کہ جھوٹے بیان بازی کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کا فریضہ انجام دیتے رہیں۔ اسی لئے یہ وزراء اور حکومتی اہلکار تواتر کے ساتھ بیانات کے ذریعے ظالمانہ اقدامات کو جواز دیتے ہوئے عوام میں اپنی اصلیت اور ہمیشہ کیلئے دفن ہوتی سیاست کا اشتہار لگوا رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کی چھہتر سالوں سے حقوق سے محروم عوام نے ظلم کو برداشت کیا ہے نہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : آئی ایس او ملتان ڈویژن کے وفد کی ممبر متحدہ علماء بورڈ پنجاب علامہ قاضی نادر علوی سے ملاقات
انہوں نے کہا کہ خطے کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ماضی میں عہدے لیکر عوام کو دفن کرنے کی خواہش کرنے والوں کی سیاست دفن ہوگئی، مقتدر طبقوں کے کلرک بن کر بیان داغنے والے موجودہ وزیروں کی سیاست کو دفن کرنے کا کام بھی عوام کا ہے، کیونکہ ایسے ظالمانہ اقدامات اور سراپا جھوٹے بیانات کے بعد عوام کو دکھانے کیلئے ان کے پاس کیا منہ رہ جاتا ہے۔
رکن صوبائی اسمبلی نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں عوام نے گندم قیمتوں میں اضافے کو یکسر مسترد کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں اور جھوٹے وزیروں کی ڈھٹائی کی ہر سطح پر مذمت کر رہے ہیں۔ خوش دلی کیساتھ قیمتیں بڑھانے جیسی باتیں مضحکہ خیز اور کس قدر جھوٹی ہے یہ تو بچے بھی سمجھتے ہیں۔
رکن اسمبلی نے بیان میں کہا کہ حزب اقتدار کو دراصل ہوس اقتدار نے مجبور کیا ہے کہ ووٹ دیکر اقتدار دلانے والے عوام سے جھوٹ منسوب کریں تاکہ ان کو آشیربادی دینے والی طاقتیں خوش رہیں۔