پاکستانی عوام ہر لمحہ کشمیری بھائیوں کیساتھ ہے، شبلی فراز
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادار ہ )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو کسی بھی مذہب اور علاقے سے بالاتر ہو کر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف آواز اٹھانی چاہیے۔ پاکستانی عوام ہر لمحہ کشمیری بھائیوں کیساتھ ہے۔ 5 اگست کو ملک کے کونے کونے میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کیلئے پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے اور اس مسئلے کو اُٹھاتے رہیں گے جب تک کشمیری بھائیوں کی آزادی حقیقت نہیں بن جاتی۔ وہ گورنر ہاﺅس میں کشمیر کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب بین الاقوامی برادری انسانی حقوق کی کچھ خلاف وزریوں کی مذمت کرتی اور ایکشن لیتی ہے تو شکوک و شبہات جنم لیتے ہیں،اسے انسانی حقوق کی تمام خلاف ورزیوں پر آواز اٹھانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے جس طرح اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا اور وزیر اعظم عمران خان نے اپنی تقاریر میں بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا، اس کے بعد ہم نے دیکھا کہ بین الاقوامی میڈیا میں خبریں بھی آئیں اور لوگوں کو مسئلہ کشمیر کی سنجیدگی کا احساس ہوا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی عوام ہر لمحہ کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کشمیری بھائیوں پر جو ظلم و ستم ہو رہا ہے۔ خواتین بچوں اور جوانوں کو گولیوں سے مارا جا رہا ہے۔ انٹرنیٹ اور تمام رابطے منقطع ہیں کورونا وباء کے دوران لوگوں کی حالت تشویشناک ہے۔ 5 اگست کو ملک کے کونے کونے میں کشمیری بھائیوں سے یکجہتی ان کے استحصال کو روکنے اور بھارتی مکروہ چہرے کو بے نقاب کرانے کیلئے منظم پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز پاکستان کیلئے سنجیدہ اور اہم ہے، ہم کشمیر کے مسائل کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کیلئے ہماری حکومت کا واضح اور ٹھوس موقف ہے، ہمیں یقین ہے کہ کشمیری بھائیوں کی آزادی حقیقت بن جائے گی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہمیں نئی سوچ کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو لے کر چلنا ہوگا کیونکہ ماضی میں اختیار کی گئی حکمت عملی سے اس مسئلہ میں کچھ زیادہ فائدہ حاصل نہیں ہوا، اس کیلئے ہمیں جذبے اور نئے طریقے سے چلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جلد از جلد کشمیر کے عوام کی سختی دور ہو اور کشمیری عوام آزادی کا سانس لے سکیں اور اپنی مرضی کے فیصلے کر سکیں۔ تقریب سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ جمہوری حکومت میں لوگ آتے جاتے رہتے ہیں۔ یہ معمول کی بات ہے۔ پاکستان وزیراعظم عمران خان کے دور میں ترقی کرے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی لاہور میں تقریروں کا کوئی فائدہ نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کیلئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور بھی کام کر رہے ہیں اور حکومت کا بھی موقف بڑا واضح ہے۔ یہ بات بھی اہمیت کی حامل ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کے ذریعے بھی اس کو دنیا بھر میں اٹھانا چاہیے۔