اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

فلسطینیوں کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر

شیعہ نیوز:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے۔ مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل اور مقدس مقامات پر غیر قانونی قبضے کے خاتمہ کے لیے اصولی مؤقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے زیر صدارت جی ایچ کیو میں 260 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس کے شرکاء نے ربیع الاول کے مقدس مہینے کے دوران مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہداء کے ایصال و ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے تمام غیر قانونی تارکین وطن کی باعزت اور محفوظ وطن واپسی اور ڈیپوٹیشن کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔ فورم کو خطے کی صورتِ حال اور قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات پر بریفنگ دی گئی۔ فورم نے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف وطن کے دفاع میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ مختلف علاقوں میں ذخیرہ اندوزی، سمگلنگ مافیاز اور کارٹلز کے خلاف کارروائیوں کو آنے والے دنوں میں مزید تقویت دی جائے گی۔ ملک کو اس طرح کی معاشی سرگرمیوں کے منفی اثرات سے نجات دلائی جا سکے۔ آرمی چیف نے کہا کہ فوج ملک بھر میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں کرنے میں حکومت اور اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔فورم نے غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا، فورم نے غزہ – اسرائیل جنگ میں اسرائیل کی طرف سے طاقت کے استعمال میں معصوم شہریوں کے جانی نقصان پرتشویش کا اظہار کیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں غیر قانونی تارکین وطن کو یکم نومبر تک ملک بدر کرنے اور وطن واپس بھیجنے کے حکومت کے فیصلے کی مکمل حمایت کرنے کا عزم کیا گیا۔ کانفرنس کے شرکا نے معیشت کی بحالی کیلئے جاری اقدامات کو عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دشمن قوتوں، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button