
شام میں فریقین نے جھڑپیں ختم کرنے پر اتفاق کرلیا، مارکو روبیو
اپنے ایک بیان میں امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات آج شام میں خوفناک صورتحال کو ختم کر دیں گے، تمام شامی فریقین کو اپنے وعدوں پر عمل کرنا ہوگا
شیعہ نیوز: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ شام میں لڑنے والے فریقین کا جھڑپیں ختم کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شام میں لڑنے والے مختلف گروپوں سے رابطہ کیا ہے، مخصوص اقدامات پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔
مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات آج شام میں خوفناک صورتحال کو ختم کر دیں گے، تمام شامی فریقین کو اپنے وعدوں پر عمل کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ شام میں بدو قبیلے کے ہاتھوں دروز قبیلے کے تاجر کے اغواء سے شروع ہوئے فسادات فرقہ وارانہ شکل اختیار کر گئے ہیں، جہاں جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد 203 ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اگر اسرائیل کو موقع ملا تو وہ خطے کے دیگر حصوں کو بھی نشانہ بنائےگا، ایرانی آرمی چیف
دروز کے اکثریتی شہر سویدا میں جاری لڑائی میں شامی فوج دروز قبائل کو نشانہ بنا رہی ہے۔ سویدا میں شدید لڑائی کے بعد اسرائیلی فوج نے شام کے دارالحکومت دمشق میں اہم مقامات پر حملہ کیا۔ اسرائیلی فضائیہ نے شام کے دارالحکومت دمشق پر حملہ کیا، جس میں صدارتی محل اور وزارتِ دفاع کے قریب بمباری کی گئی۔