خطے کا امن مسئلہ کشمیر سے جڑا ہے، علامہ ساجد نقوی
شیعہ نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر سے جڑا ہے، تمام سٹیک ہولڈرز، عوامی طبقات اور بین الاقوامی قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے تصفیہ کا حل تلاش کیا جائے، کشمیر کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، غیور و بہادر کشمیری عوام 1947ء میں ہی الحاق پاکستان کی قرارداد کی منظوری کیساتھ پاکستان کے حق میں فیصلہ سنا چکے ہیں، مقبوضہ علاقے کبھی اٹوٹ انگ نہیں ہوتے، بھارت ہٹ دھرمی چھوڑے اور مظلوم عوام کو استصواب رائے کا حق دے، جنوبی ایشیا کا پائیدار امن بھی مسئلہ کشمیر سے جڑا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 19 جولائی 1947ء کو سری نگر میں متفقہ طور پر منظور ہونیوالی قرارداد الحاق پاکستان پر کشمیری قیادت اور عوام کی رائے کی یاد میں منائے جانیوالے یوم الحاق پاکستان پر اپنے پیغام میں کیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ کسی بھی قوم کو جبر، ظلم کے ساتھ دبایا نہیں جاسکتا، نہ ہی مقبوضہ علاقے کبھی اٹوٹ انگ ہوا کرتے ہیں یہ کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ ہے جو وہ کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کیساتھ ان غیور و بہادر کشمیریوں نے پیلٹ گنز کا بھی بزرگ، خواتین اور بچوں سمیت سب نے بلا تفریق سامنا کیا، کشمیر کی خصوصی حیثیت بھارتی مودی سرکار نے ختم کی لیکن کشمیری اس ظلم و جبر کے آگے زیر نہ ہوئے اور آج بھی وہ یوم الحاق پاکستان کو شدو مد کے ساتھ منارہے ہیں، جس پر انہیں داد تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہم کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہو ںنے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو مزید موثر انداز میں اٹھانے کے لئے جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل کے ساتھ دیگر فورمز پر بھرپور انداز میں اٹھا کر بھارتی نام نہاد جمہوریت کو بے نقاب کیا جاچکا ہے، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ مسئلہ کشمیر کے اس تصفیہ کو حل کے لئے آگے بڑھا جائے اور تمام سٹیک ہولڈرز، عوامی طبقات کو اعتماد میں لیتے ہوئے بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل مرتب اور عمل درآمد کیا جائے تاکہ کشمیری عوام بھی جاری ظلم و ستم کی تاریک رات کے بعد صبح آزادی دیکھ سکیں۔