صدر ایران ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اپنے رفقاء سمیت شہید ہوگئے
شیعہ نیوز: ایرانی صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان، نمایندہ ولی فقیہ آیت اللہ آل ہاشم اور صوبہ آذربائیجان کے گورنر مالک رحمتی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہوگئے ہیں۔
شہید ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اتوار 19مئی کی شام قیز قلعہ سی ڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد شہر تبریز کی جانب واپس جارہے تھے کہ مشرقی آذربائیجان کے علاقے زرقان میں ان کا ہیلی کاپٹر حادثے سے دوچار ہوگیا اور صدراپنے ساتھیوں کے ہمراہ درجہ شہادت پر فائز ہوگئے ۔
یہ بھی پڑھیں : ملک بھر کا 50فیصد سے زائد ٹیکس دینے والا شہر کراچی لاوارث چھوڑ دیا گیا،علامہ مبشر حسن
جائے حادثہ پر موجود ذرائع نے اب سے تھوڑی دیر پہلے صدر ایران ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والے بدقسمت ہیلی کاپٹر میں شہید صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے ہمراہ وزیر خارجہ شہید حسین امیر عبداللہیان صوبہ مشرقی آذربائیجان کے گورنر شہید مالک رحمتی ،صدرمملکت کے سیکورٹی دستے کے کمانڈر شہید جنرل سید مہدی موسوی اور صدر کے محافظین موجود تھے۔