حضرت عیسیٰ (ع) کی پاکیزہ سیرت مشعل راہ ہے، علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے 25 دسمبر یوم ولادت باسعادت حضرت عیسیٰ مسیح علیہ السلام کے مبارک موقع پر امت مسلمہ اور دنیا بھر کے مسیحیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت عیسیٰ مسیح علیہ السلام عالم انسانیت کے عظیم رہبر و رہنماء ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے وہ جلیل القدر پیغمبر جس نے بھٹکی ہوئی انسانیت کو حق و صداقت کا راستہ دکھایا۔ ان کی پاکیزہ سیرت آج بھی بنی نوع انسان کے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صبر و برداشت اور عفو و درگزر کی تعلیم دے کر آپ نے انسانوں کو سمجھایا کہ بہادر وہ نہیں ہوتا جو انتقام لے بلکہ بہادر وہ ہوتا ہے جو عفو و درگذر سے کام لے۔
انہوں نے کہا کہ آج معاشرے میں عدم برداشت حد سے بڑھ چکی ہے، جس کے باعث آئے روز معصوم انسان قتل ہو رہے ہیں۔ قبائلی جھگڑے اور معمولی باتوں پر بھائی کے ہاتھوں بھائی کا قتل رشتے داروں کی لڑائیاں تقاضا کرتی ہیں کہ عفو و درگزر پر مبنی نبی خدا حضرت عیسی روح اللہ کی تعلیمات کو عام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے امریکہ اور دیگر یورپی ممالک حضرت عیسیٰ مسیح علیہ السلام کی تعلیمات سے انحراف کر چکے ہیں۔ مسیحی کہلانے والے استعماری ممالک نے جس طرح دنیا میں ظلم بربریت اور دہشت گردی کو فروغ دیا ہے اس سے یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ جدا ہو دین سیاست سے تو رہ جاتی ہے چنگیزی۔