فلسطین کی آزادی تک مزاحمت کا سلسلہ جاری رہے گا، خالد مشعل
شیعہ نیوز: اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سینیئر رہنما ڈاکٹر خالد مشعل نے کہا ہے کہ یحییٰ السنوار کی شہادت کے باوجود حماس فلسطین کی آزادی تک مزاحمت کے آپشن پر کاربند رہے گی۔
حماس کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ شہید یحییٰ السنور کی یاد میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مشعل کا کہنا تھا کہ ” طوفان الاقصی آپریشن کے دوران غزہ ، مغربی کنارے، پناہ گزین کیمپوں اور باہر رہنے والے عظیم رہنماؤں کی بڑی تعداد سے محروم ہوگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : گاندربل، نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ڈاکٹر سمیت سات غیر کشمیری ہلاک
ان کا کہنا تھا کہ اس تحریک نے ہمیشہ شہادت، سربلندی، وطن کی آزادی راہ میں اپنے رہنماؤں کی قربانیاں پیش کی ہیں، اور شیخ احمد یاسین ہماری اس تحریک کے بانی تھے جنہیں 2004ء میں صیہونی حکومت نے دہشت گردی کا نشانہ بنا کر شہید کردیا تھا۔
حماس کی بیرونی شاخ کے سربراہ نے کہا کہا ہماری تحریک کی قیادت اپنے طویل سفر کے دوران بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور کچھ عرصہ قبل یہ تحریک اسماعیل ہینہ سے محروم ہوگئی اس سے پہلے شیخ صالح العاروری اور ان کے بعد ہم نے طوفان الاقصی آپریشن کے دوران بہت سی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور اب یحی السنوار بھی ہم سے بچھڑ گئے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یحییٰ السنوار کی شہادت کے باوجود، یہ تحریک اپنی حکمت عملی پر قائم ہے اور سرزمین فلسطین کی آزادی تک مزاحمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔