بزرگان کی محنتوں کا نتیجہ ہے کہ ملت جعفریہ ایک روشن باب کی طرح عیاں ہے، علامہ شبیر میثمی
شیعہ نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے جامعہ مخزن العلوم الجعفریہ شیعہ میانی میں سالانہ عظیم الشان جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں شکریہ ادا کرتا ہوں آپ تمام میزبانوں کا، جنہوں نے مجھ حقیر کو اس عظیم الشان اور پر رونق پروگرام میں شرکت کی دعوت دی۔ یہ سب ہمارے بزرگان ملت بالخصوص علامہ سید گلاب علی شاہ نقوی کی محنتوں اور مبلغانہ خدمات کا نتیجہ ہے کہ ملت جعفریہ ملک بھر میں ایک روشن باب کی طرح عیاں ہے، بزرگان ملت کی خدمات کو ہم سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، عالم اسلام آج جن شخصیات کے ایک اعلان سے لرزاں ہو جاتا ہے، وہ یہ مراجع، علماء کرام، قائد محبوب جیسی عظیم ہستیاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کو اللہ تعالٰی کا شکر ادا کرنا چاہیئے کہ خداوند متعال نے ہم کو عاشقان ولایت بنایا اور یہ نظام ولایت ہے، جس سے آج کی شیطانی طاقتیں حیران و پریشان ہیں۔ دنیا یاد رکھے، جب خیبر والے علی ابن ابی طالب (ع) کے مرید میدان میں اترتے ہیں تو اللہ اکبر کے نعروں سے اور حضرت ولی العصر (عج) کی مدد و نصرت سے تاریخ رقم کرتے ہیں، شہادت تو سعادت ہے، یہی وجہ دشمن کو ختم کر دیتی ہے، اللہ تعالٰی آپ سب کا حامی و ناصر ہو۔