سعودی اتحاد نے یمنی فورسز کے حملوں کا اعتراف کرلیا
شیعہ نیوز:سعودی اتحاد نے کہا ہے کہ اس نے جنوبی سعودی عرب میں یمن کی جانب سے بھیجے گئے ایک ڈرون کو ناکارہ بنا دیا ہے۔
سرکاری ٹی وی الاخباریہ کے مطابق نام نہاد سعودی اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر ترکی المالکی نے کہا ہے کہ اتوار کو اتحادی افواج نے حوثیوں کی جانب سے بھیجے گئے ایک ڈرون کو مار گرایا ہے۔
انہوں نے دعوی کیا ہے کہ یہ ڈرون خمیس مشیط میں سول آبادی کو نشانہ بنانے کے لیے بھیجا گیا تھا۔
یمنی فورسز کے حملوں میں سول آبادیوں کو نشانہ بنائے جانے کے بار بار کے دعووں کے باوجود ابھی تک ان حملوں میں کسی عام شہری کی ہلاکت یا زخمی ہونے کی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ یمن کے نہتے عوام کو چھے سال سے انتہائی ہولناک طریقے سے بمباری اور گولہ باری کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
مبصرین نے سعودی اتحاد کے ترجمان کے اس دعوے کو بھی کہ اتحادی فوج کی مشترکہ کمان نے بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق شہریوں اور سول تنصیبات کے تحفظ کے لیے آپریشنل اقدامات کیے ہیں اور ان پر عمل درآمد بھی کیا ہے، انتہائی مضحکہ خيز قرار دیا ہے۔