
سعودی حکومت جنت البقیع کے مزارات مقدسہ کی دوبارہ تعمیر کرے، علامہ مرید نقوی
شیعہ نیوز:وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے کہا ہے کہ جنت البقیع کے مزارات فقط مقدس اسلامی ورثہ ہی نہیں بلکہ سرزمینِ وحی کی مرکزیت کی روشن علامت بھی ہیں، یہ وہ شعائر اللہ ہیں جو مسمار کئے جانے کے باوجود مسلمانانِ عالَم کے دلوں میں نقش ہیں، اقوامِ عالَم عمومی یادگاروں کو قومی ورثہ قرار دے کر ان کی حفاظت کرتی ہیں لیکن افسوس کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے گھروالوں اور اصحاب کی عظیم یادگاریں مسمار کر کے کروڑوں مسلمانوں کے قلوب زخمی کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت بلا تاخیر اس کا ازالہ کرے اور 1925ء میں جنت البقیع کے مسمار کئے گئے مزارات مقدسہ کی دوبارہ تعمیر کرے۔ قرآن و صاحبِ قرآن کی مقدس سرزمینِ حجاز پر جدیدیت کے نام پر میوزک کنسرٹ و دیگر آزادیاں متعارف کرانے والے حکمرانوں کو مدینہ منورہ کے ان عظیم آثار کو بھی بحال کرنا چاہئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ سیاسی نعروں کو مسجد نبوی کی توہین قرار دینے والوں کو شہرِ نبوی مدینہ منورہ کی اس تاریخی توہین پر بھی احتجاج کرنا چاہئے۔