سندھ حکومت تمام گرفتار عزاداروں کو فوری رہا کرے، عارف حسین الجانی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) یومِ علیؑ کے جلوس عزاء کو حکومت کی عائد کردہ احتیاطی تدابیر پہ عمل کرتے ہوئے برآمد کیا گیا مگر ملک کے بعض شہروں میں عزادارانِ امام علی علیہ السلام کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں ہیں حکومت کا یہ دہرا رویہ قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان عارف حسین الجانی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اجتماعات پہ پابندی لگائی گئی تھی عزاداری پر نہیں، ہم نے حکومت سے اس وباء کے آغاز سے ہی ہر ممکن تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری ہماری شہہ رگِ حیات ہے، اس پر کسی قسم کی پابندی قابل قبول نہیں، عزادارانِ امام علی علیہ السلام نے حکومت کی عائد کردہ احتیاطی تدابیر پہ عمل کرتے ہوئے جلوس و مجالس کا انعقاد کیا لیکن سندھ میں مومنین کو گرفتار کر لیا گیا۔
عارف حسین نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ آئی ایس او پاکستان لاڑکانہ ڈویژن کے صدر سمیت تمام مومنین کو فی الفور رہا کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا عزاداری ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت میں کی جاتی ہے، جو تمام مظلوم انسانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کو ظاہر کرتی ہے اور رہتی دنیا تک یہ عزاداری قائم و دائم رہے گی۔