مسئلہ فلسطین کا حل ضروری ہے،وزیر خارجہ پاکستان
شیعہ نیوز:پاکستان میں جہاں مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں وہیں اس ملک کے وزیر خارجہ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا حل ضروری ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکہ سے پاکستان پہنچنے پر کہا کہ فلسطین اور کشمیرمیں بنیادی انسانی حقوق سلب کیے جارہےہیں، آج فلسطینی اور کشمیری ڈیموگرافک تبدیلیوں سے پریشان ہیں، مسئلہ فلسطین کےحل تک مشرق وسطیٰ میں چنگاری سلگتی رہےگی اور مسئلہ کشمیر کے حل تک برصغیر میں امن قائم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کو مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر پیش رفت کرنا ہوگی اور اگر ہم نے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا تو پیشرفت ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ نے فلسطین امن سفارتی مشن، کے حوالے سے دورہ نیویارک میں فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر مسلم امہ اور مختلف علاقائی ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے اور انہیں نہتے فلسطینیوں پر جاری مظالم کی روک تھام کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی دعوت دی۔
شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس، سلامتی کونسل کے صدر ایمبیسڈر ژانگ جُن اور جنرل اسمبلی کے صدر والکن بوذکر سے ملاقات کی اور مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔