لندن کی گلیوں میں گونجی اللہ اکبر اور یا حسین کی صدا
شیعہ نیوز: دس محرم الحرام یعنی عاشورا کے موقع پر ہزاروں شیعہ اور عاشقان اہل بیت اطہار علیہم السلام نے منگل کی سہ پہر وسطی لندن کی گلیوں میں جلوسہائے عزا نکال کر شہدائے کربلا کا ماتم کیا۔
رپورٹ کے مطابق عاشورا کے موقع پر لندن کے "ماربل آرچ” میں بڑی تعداد میں عزاداران سید الشہداء جمع ہوئے اور لبیک یا حسین (ع) کے نعرے لگا کر امام حسین (ع) کے ذریعے انسانیت کی بقا کے لئے کئے گئے تاریخی قیام کو خراج عقیدت پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : اولپمکس میں اسرائیل کی شرکت کے خلاف فرانس میں مظاہرے
اس موقع پر مقررین نے ابا عبداللہ الحسین (ع) کے قیام اور سید الشہداء کے اہداف پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد عزاداروں نے "ہالینڈ پارک” کے علاقے میں واقع ورلڈ اسلامک فورم کی طرف مارچ کیا۔
عزادار سیاہ لباس پہنے ہوئے تھے اور ہاتھوں میں سبز اور سیاہ پرچم اٹھائے ہوئے تھے جو امام حسین (ع) اور حضرت ابوالفضل (ع) کے ناموں سے سجے ہوئے تھے۔عزادار برطانوی دارالحکومت کے قلب میں اللہ اکبر یا حسین کا نعرہ لگا رہے تھے۔
حسینی عزاداروں کی عاشورا کے جلوس میں بڑی موجودگی، اس کے اجتماع کی جگہ اور راستے کے ساتھ ساتھ مختلف آبادیوں اور قومیتوں کی شرکت کی وجہ سے، یہ جلوس بلاشبہ یورپ کے سب سے نمایاں شیعہ ماتمی جلوسوں میں سے ایک ہے، جو ہر سال ایک بڑے ہی عقیدت و احترام کے ساتھ نکالا جاتا ہے۔