اسرائیل کی شکست تک بھرپور جدوجہد جاری رہے گی، حماس اور جہاد اسلامی کا اعلان
شیعہ نیوز: تحریک حماس اور جہاد اسلامی نے ایک مشترکہ بیان میں اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے خلاف استقامت و مزاحمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تحریک حماس اور جہاد اسلامی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ اور فواد شکر سمیت استقامت کے راہنماؤں کا خائنانہ قتل استقامت کی طاقت کو کمزور نہيں کرے گا۔ تحریک حماس اور جہاد اسلامی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ غاصبانہ قبضے کا مقابلہ کرنے کے لئے استقامت ایک جائز حق ہے اور جب تک ہمارے عوام اپنے تمام حقوق حاصل نہيں کر لیں گے اس وقت تک استقامت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم غرب اردن اور مقبوضہ علاقوں میں موجود اپنے عوام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ استقامت کو بڑھائيں اور صیہونی حکومت کے غاصبانہ منصوبوں کو ناکام بنائيں۔ تحریک حماس و جہاد اسلامی کے بیان میں کہا گيا ہے کہ اسرائیل ، جنگ سے قتل عام اور تباہی کے سوا کچھ بھی حاصل نہیں کر سکا ہے اور کر بھی نہيں پائےگا اور وہ جنگ کے ذریعے ہمارا راستہ روک بھی نہيں پائے گا اور ہم سیاسی ، فوجی و جنگی سطح پر مسلسل ہماہنگی اور مشترکہ کام جاری رکھیں گے۔