آئین کی بالادستی سے پہلو تہی مسائل کا باعث بنے گی، حسین مقدسی
شیعہ نیوز:تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نےکہا ہے کہ آئین و قانون کی بالادستی و نفاذ کے مقابل کسی اقدام کی تائید پاکستان کو مشکلات کی دلدل میں دھکیل دے گی۔ پچھتر سالہ تاریخِ پاکستان گواہ ہے کہ ریاست اور عوام مظلومیت کی تصویر بنی رہیں اور منفعت پرداز اسے منزلِ مراد سے دور کرتے رہے، معیشت کی ڈولتی کشتی کو سہارا دینا تمام مقتدر قوتوں کی ذمہ داری ہے ہر لمحہ غرق ہوتی ہوئی معیشت نے غرباء سے نوالہ تک چھین لِیا ہے۔ماہِ مبارک رمضان میں مادیت پرستی ترک کر کے خود کو الٰہی احکام کا پابند بنایا جائے، ماہِ صیام رحمتوں، برکتوں اور مغفرتوں کا پیغام لیکر آیا ہے جو ربِ کائنات کی خاص عطا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں یومِ پاکستان اور ماہِ رمضان الکریم کے آغاز پر تقریبِ سعید سے خطاب کرتے ہوئے کِیا۔ علامہ سید مقدسی نے باور کرایا کہ پاکستان کو قائدِ اعظمؒ کے وضع کردہ اصولوں اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم پر استوار کر کے ہی استحکام و ترقی کی راہ پر گامزن کِیا جا سکتا ہے۔