کرمان میں ہوا دہشتگرانہ حملہ ناقابلِ برداشت اور نہایت دردناک ہے، مولانا سید شجیع مختار
شیعہ نیوز: شہید قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر کرمان میں انکے مرقد کے قریب ہوئے دہشتگرادنہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے تلنگانہ مرکزی شیعہ علماء کونسل کے صدر مولانا سید شجیع مختار نے کہا کہ اس ناپاک و مذموم حرکت نے یہ ثابت کردیا کہ دشمن کس قدر بوکھلاہٹ کا شکار ہونے کے ساتھ کس قدر بزدل ہے کہ وہ رو برو لڑنے کی طاقت تو نہیں رکھتا اس لئے نہتے افراد پر مسلسل اس طرح کے دھشتگردانہ حملے کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن یہ سمجھتا ہے کہ لوگ اسکے اس ظلم سے ڈر جائیں گے لیکن وہ اس بات کو بھول رہا ہے کہ ہم امام حسین (ع) کے چاہنے والے ہیں اور موت سے نہیں ڈرتے کہ شہادت حسینت ہی کی میراث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظالم ہمارے بدن کے ٹکڑے ٹکڑے تو کر سکتا ہے، ہمارے سروں کو کاٹ تو سکتا ہے لیکن حسینیوں کے سر کو جھکا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حملوں سے ہمارے حوصلے پست تو نہیں ہوتے ہاں شھادتوں سے ہمارے حوصلے اور مزید بلند ہوتے جاتے ہیں۔
مولانا سید شجیع مختار نے کہا کہ اس درناک سانحہ پر ہم اس بات کا اظہار کرتے ہیں کہ مرکزی شیعہ علماء کونسل حیدرآباد تلنگانہ، تمام شہداء کے خانوادوں کے ساتھ ہیں نہ صرف مرکزی شیعہ علماء کونسل بلکہ تمام مومنین ہندوستان بالخصوص مومنین حیدرآباد اس غمناک سانحہ پر پوری طرح جمہوری اسلامی ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ملت ایران بالخصوص رہبر معظم آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں اور ساتھ ہی ہم اس دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ ہم اللّٰہ کی بارگاہ میں دعاگو ہیں کہ خدا ان تمام شہداء کو شہداء کربلا کے ساتھ محشور فرمائے اور شہداء کے اقرباء و احباب کو صبرِ جمیل و جزیل عطا فرمائے۔