دھمکی آمیز خط صرف میرے نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کے خلاف ہے، وزیر اعظم عمران خان
شیعہ نیوز:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں ایک ملک سے دھمکی آمیز خط میں پیغام ملا، یہ پیغام صرف وزیراعظم کیخلاف ہے، لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہ قوم کے بھی خلاف ہے۔
قوم سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ خود داری ایک آزاد قوم کی نشانی ہوتی ہے، پاکستان کیلئے فیصلہ کن وقت ہے۔ میں کسی کے سامنے جھکا اور نہ اپنی قوم کو جھکنے دوں گا۔ سات مارچ کو بیرون ملک سے پیغام آیا، دھمکی آمیز خط لکھنے والوں کو تحریک عدم اعتماد کا پہلے سے علم تھا، کہا گیا تحریک کامیاب نہ ہوئی تو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، تھری اسٹوجز کے ان لوگوں سے رابطے تھے۔ میں کسی صورت استعفیٰ نہیں دوںگا۔انہوں نے کہا کہ یہ خط ایک آفیشل ڈاکیومنٹ ہے، جس میں کہا گیا کہ اگر عمران خان وزیراعظم رہتا ہے تو ہمارے تعلقات خراب ہو جائیں گے، ہم 22 کروڑ کا ملک ہیں، کیا یہ ہماری حیثیت ہے؟ خط میں لکھا ہوا تھا کہ پاکستان روس میں صرف وزیراعظم عمران خان کی وجہ سے گیا، حالانکہ روس جانے کا فیصلہ وزارت خارجہ اور عسکری قیادت کیساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا تھا۔
خط کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی کی کمیٹی میں یہ خط رکھا گیا، اپوزیشن والے کیوں نہیں آئے، مجھے کہا گیا کہ یہ جعلی ہے، میں نے ٹاپ فورم پر یہ معاملہ رکھا، نیشنل سکیورٹی کی میٹنگ میں سروسز چیفس کے سامنے رکھا، پارلیمنٹ کی میٹنگ میں لے کر گیا، سینیئر صحافیوں کو بھی اس کے بارے میں آگاہ کیا۔ عوام کو اکسا نہیں رہا، جو چیزیں ہیں، وہ عوام کو نہیں بتا رہا۔ وہ بہت خوفناک ہیں۔