
غزہ کا المیہ سبھی انسانی اصولوں کے منافی اور انسانیت سوز ہے، پوپ لئو چہاردہم کے نام آیت اللہ نوری ہمدانی کا خط
شیعہ نیوز: آیت اللہ نوری ہمدانی نے پوپ لئو چہاردہم کے نام خط میں لکھا ہے کہ غزہ میں ہرروز دسیوں معصوم بچے فاقہ کشی کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں، اگر حضرت موسی (ع)، حضرت عیسی(ع) اور حضرت محمد(ص) جیسے عظیم پیغمبران خدا آج موجود ہوتے تو کیا اس انسانیت سوز المیے پر خاموش رہتے؟
رپورٹ کے مطابق غزہ کے المیہ کے تعلق سے آیت اللہ نوری ہمدانی کا تازہ خط، ویٹیکن میں ایران کے سفیر نے پوپ لئو چہاردہم کی خدمت میں پیش کیا۔
آیت اللہ نوری ہمدانی نے اپنے اس خط میں لکھا ہے کہ سبھی ابراہیمی ادیان نے انسان کی اعلی منزلت پر زور دیا ہے اور سبھی انسانوں کی برابری، آزادی اور انسانی حقوق کی تائید اور نسلی، قومی اور طبقاتی امتیازات کی نفی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل سے نمٹنے کے لیے اور بھی آپشن موجود ہیں جنہیں بہت جلد استعمال کریں گے، بدرالدین الحوثی
انھوں نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں، غزہ ایک محصور سرزمین ہے جوآج ظلم اور بے انصافی کے مقابلے میں انسانی مظلومیت کی علامت میں تبدیل ہوچکی ہے۔
آیت اللہ نوری ہمدانی نے لکھا ہے کہ صیہونی حکومت نے غزہ کا محاصرہ جاری رکھتے ہوئے،یہاں آب ودانہ اور دواؤں کی ترسیل پر بھی سخت ترین پابندی لگارکھی ہے اور دنیا ہر روز بھوک، پیاس اور دواؤں کے فقدان سے دسیوں بچوں، عورتوں اور بے گناہ مردوں کی موت کا مشاہدہ کررہی ہے۔
انھوں نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ ہر بے گناہ انسان کو وہ چاہے جس دین، قومیت اور نسل سے بھی تعلق رکھتا ہو باعزت زندگی کا حق حاصل ہے اور ایک پوری آبادی کو کھانے، پانی اور دواؤں سے محروم کردینا،ضمیر انسانی اور سبھی انسانوں کے پر امن بقائے باہم کے دینی اصولوں کے منافی ہے۔
آیت اللہ نوری ہمدانی نے لکھا ہے کہ غزہ کے عوام کے ساتھ صیہونی حکومت کے مظالم نہ صرف غیر اخلاقی اور غیر انسانی ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق جنگی جرائم ہیں۔
انھوں نے لکھا ہے کہ غزہ میں ہر روز دسیوں معصوم بچے بھوک سے جان دے رہے ہیں، یہ کھلی نسل کشی ہے جو ہر انسانی قلب کو مجروح کررہی ہے۔
آیت اللہ نوری ہمدانی نے لکھا ہے کہ ان ہولناک حالات میں اگر حضرت موسی (ع)، حضرت عیسی (ع) اور حضرت محمد(ص) جیسے پیغمبران خدا ہوتے تو کیا ان المناک جرائم کا مشاہدہ کرتے اور خاموش رہتے؟ امید ہے کہ جناب عالی، ممتاز دینی پیشوا کی حیثیت سے صیہونی حکومت کے انسانیت سوز جرائم روکنے کے لئے موثر اقدامات انجام دیں گے۔