
تفتان پر زائرین کے ساتھ غیر منصفانہ برتاؤ کسی صورت قبول نہیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ تفتان بارڈر پر پہنچنے والےزائرین کو تشخیصی عمل اور مدت پوری ہونے کے بعد بلاوجہ روکے رکھنا زیادتی ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تفتان بارڈر پر پھنسےزائرین اور ان کے اہل خانہ کو اس اذیت سے نجات دلائی جائے۔ تفتان بارڈر پر پھنسےزائرین اس ملک کے شہری ہیں ان کے ساتھ غیر منصفانہ برتاؤ کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ناگہانی آفات، بیماریاں اور ہنگامی حالات قوموں کی زندگی کا حصہ ہیں جن کا مقابلہ تدبر اور بلند حوصلے سے کیا جاتا ہے۔کرونا کے نام پردہشت پھیلانے کی بجائے مثبت اقدامات کی ضرورت ہے۔کرونا وائرس کے نام پرجو خوف و ہراس پھیلایا جا رہا ہے وہ کسی بھی اعتبار سے درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا میڈیا پرکرونا سے خوف ہ وہراس پھیلانے کی بجائے اس سے نمٹنے کے لیے تدابیراور آگہی مہم کا آغاز کیا جانا چاہیے ۔تعلیمی ومذہبی اداروں میں تدریسی عمل کو روکنے کی بجائے مرض کی تشخیص، علاج اور بچاؤ کے طریقہ کار پر ماہرین کی طرف سے لیکچرز منعقد کیے جانے چاہئیں ۔