امریکہ اور اس کے اتحادی عالم اسلام کے اصل دشمن ہیں۔علامہ شہنشاہ حسین
شیعہ نیوز:بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینیؒ کی 32ویں برسی کی مناسبت سے کراچی کے علاقے جعفرطیار سوسائٹی کی مرکزی امام بارگاہ میں ایک اجتماع منعقد ہوا، جس میں علمائے کرام و شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اجتماع سے خطاب کرتے ہوے معروف عالم دین علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ عراق، شام، یمن اور افغانستان سمیت دیگر مسلم ممالک سخت ترین دور سے گزر رہے ہیں، جس کی بنیادی وجہ مذہبی قوتوں کے مابین ہم آہنگی کا فقدان ہے۔ مسلمانوں کے درمیان صدیوں سے موجود علمی اختلافات کو دشمنی میں بدلنے کے لیے کثیر سرمایہ خرچ کیا جا رہا ہے۔ عوامی طاقت وہ واحد ہتھیار ہے، جس کے ذریعے اسلام دشمنوں کی ظاہری فتح کو بدترین ناکامی میں بدلا جا سکتا ہے۔ امام خمینی نے اسی عوامی طاقت کے ذریعے انقلاب برپا کیا۔ مسئلہ فلسطین کو حکومتی شکنجے سے نکال کر عوام کے ہاتھوں میں دیا، جس سے ان عرب قوتوں کو بھی واضح ناکامی دکھائی دینے لگی، جو اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے بے قرار تھے۔ مقاومت نے ان فرعونوں کے تکبر کو پاش پاش کیا، جو خود کو دنیا کی سب سے بڑی طاقت سمجھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ایک دوسرے کے دشمن نہیں بلکہ جسد واحد ہیں۔ امریکہ اور اس کے اتحادی عالم اسلام کے اصل دشمن ہیں۔