امریکہ دوسروں کی قسمت کا فیصلہ نہیں کر سکتا: بشار الجعفری
شیعہ نیوز:اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بشار جعفری نے مقبوضہ جولان کے خلاف امریکی ووٹنگ کی مذمت کرتے ہوئے اس فیصلے کو غیرقانونی ، غیر اخلاقی اور بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ بشار جعفری نے کہا کہ امریکہ نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کر کے، یہودی کالونیوں کی تعمیر کی حمایت کر کے اور سینچری ڈیل منصوبے کو عملی جامہ پہنا کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی میں تمام حدود پار کر دیں۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بدھ کو ایک بار پھر مقبوضہ جولان سے صیہونی حکومت کے باہر نکلنے کے بل کو بھاری اکثریت سے منظور کر لیا ۔مقبوضہ جولان سے صیہونی حکومت کے باہر نکلنے سے متعلق اس بل کی حمایت میں ایک سو بیالیس ووٹ پڑے جبکہ انیس اراکین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا اور صرف امریکہ و صیہونی حکومت نے اس بل کی مخالفت میں ووٹ ڈالے۔
صیہونی حکومت نے انیس سو سڑسٹھ میں جولان کے پہاڑی علاقوں میں شام کی تقریبا ایک ہزار دو سو مربع کلومیٹر زمینوں پر قبضہ کر لیا تھا اور کچھ عرصے بعد اس علاقے کو اپنے مقبوضہ علاقوں میں ضم کر لیا ۔