امریکہ نے پاکستانی سیاسی رہنماوں کو "سیاسی اداکار” قرار دیدیا
شیعہ نیوز: پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے گزشتہ روز لاہور اور ملتان میں پاکستان کے سیاسی رہنماوں میاں محمد نواز شریف، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور جہانگیر خان ترین سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں امریکی سفیر نے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال، انتخابی عمل سمیت دیگر امور پر گفتگو کی۔ سیاسی رہنماوں کیساتھ ہونیوالی ملاقاتوں کے حوالے سے امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس نوٹ میں پاکستانی رہنماوں کو "سیاسی لیڈر” کی بجائے "سیاسی اداکار” کہا گیا ہے۔ مبصرین نے امریکہ کے اس اقدام کو موجودہ صورتحال کے عین مطابق قرار دیا ہے۔ لاہور میں مقیم صحافی نمرہ منظور کا کہنا ہے کہ یہ لیڈر نہیں ایکٹرز ہی ہیں اور امریکہ کے ہی دیئے ہوئے سکرپٹ کے مطابق یہاں اپنی اپنی باری اور اپنا اپنا کردار پرفارم کرتے ہیں۔ سینیئر صحافی نذیر بھٹی کا کہنا ہے کہ امریکی انہیں اداکار ہی سمجھتے ہیں، جن سے اپنا کام لیتے ہیں اور انہیں معاوضہ ادا کرکے چلتا کرتے ہیں۔ یہ دراصل وہ سچ ہے جو امریکیوں کے منہ سے نکل گیا، ویسے بھی امریکی لگی لپٹی کے بغیر گفتگو کرتے ہیں، انہوں نے یہ درست ہینڈ آوٹ جاری کیا ہے۔ یاد رہے کہ امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری ہونیوالا یہ ریڈ آوٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔