صیہونی فوج کا غزہ میں مسجد پر حملہ، 50 نمازی شہید
شیعہ نیوز: اسرائیلی فوج نے غزہ میں مسجد پر حملہ کر کے 50 نمازیوں کو شہید کر دیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ کے علاقے سبرا میں مسجد پر اس پر بمباری کی جب مسجد میں نماز جاری تھی اور مسجد نمازیوں سے بھری ہوئی تھی۔ صیہونی فورسز کی جانب سے اردنی فیلڈ اسپتال پر فضائی حملہ کیا گیا جس میں 7 ارکان زخمی ہو گئے جبکہ اسرائیلی فوج ایک بار پھر غزہ کے الشفا اسپتال میں داخل ہو گئی، اسپتال کے جنوبی داخلی راستے کے کچھ حصوں کو تباہ کر دیا، بیسمنٹ سمیت مختلف حصوں میں تلاشی کے دوران نہ یرغمالی ملے، نہ کسی سرنگ کا نشان ہاتھ لگا۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے الشفا اسپتال سے حماس کا اسلحہ اور وردیاں ملنے کا دعویٰ کیا گیا تاہم اسرائیلی دعویٰ ڈاکٹروں اور حماس نے جھوٹا قرار دے دیا۔ اسرائیلی فوج کے اکاؤنٹ سے بطور ناقابل تردید شواہد پوسٹ کی جانے والی الشفا اسپتال کی وڈیو ڈیلیٹ کر دی گئی، ایڈیٹنگ اور کچھ چیزیں چھپانے کے بعد دوبارہ نشر کرنے سے اسرائیلی دعوؤں پر شہبات بڑھ گئے۔ الجریزہ کے مطابق الشفا اسپتال سے رپورٹنگ کرنے والے امریکی ٹی وی کے رپورٹر اور اسرائیلی دعوؤں میں بھی تضاد سامنے آگیا جبکہ قطر نے غزہ میں اسپتالوں پر حملوں کی عالمی تحقیقات پر زور دیتے ہوئے الشفا اسپتال کے اندر اسرائیل کی تازہ کارروائی کو "جنگی جرم” قرار دے دیا۔