صہیونی جنرل فلسطینی قوم کو گھروں سے بے دخل کرنا چاہتے ہیں، حماس
شیعہ نیوز:حماس نے کہا ہے کہ صہیونی فوجی حکام فلسطینی قوم کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کے ناپاک عزائم رکھتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، فلسطینی مقاومتی تنظیم حماس نے صہیونی فورسز کی جانب سے شمالی غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف کاروائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی جنرل فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرکے پناہ گزینی پر مجبور کرنا چاہتے ہیں۔
تنظیم نے صہیونی مظالم کے حوالے سے عالمی برادری کی خاموشی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی مظالم پر خاموشی اختیار کرنا نسل کشی میں شریک ہونے کے مترادف ہے۔ صہیونی حکومت کو غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی سے روکنے کی فوری ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل پر حملے کیلئے اہداف کا تعین کرلیا، امریکا بھی خبردار رہے، ایران
تنظیم نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ صہیونی فوجی جنرل منظم سازش کے تحت شمالی غزہ میں آپریشن کررہے ہیں۔ علاقے کا محاصرہ کرنے کی وجہ سے شمالی غزہ کا دنیا سے رابطہ کٹ گیا ہے۔ غزہ میں انسانیت سوز جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کا مواخذہ کرنا چاہئے۔
حماس نے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام کو بین الاقوامی قوانین کے تحت حفاظت فراہم کی جائے۔
یاد رہے کہ صہیونی فوج نے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران شمالی غزہ میں بھرپور کاروائی شروع کررکھی ہے۔ مسلسل بمباری اور حملوں کی وجہ سے علاقے میں پانی اور زندگی کی بنیادی ضروریات کی شدید کمی درپیش ہے۔