کربلاء والوں کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے، علامہ حیات عباس نجفی
شیعہ نیوز:معروف عالم دین اور رہنما مجلس وحدت مسلمین علامہ حیات عباس نجفی نے کہا ہے کہ امام حسینؑ نے ظلم و جبر کے خلاف علم جہاد بلند کیا اور خدا کی حاکمیت اور اس کی رضا کیلئے اپنی جان قربان کی اور جب ظلم حد سے بڑھا تو آپ کے رفقاء اور آپ نے ظلم کے خلاف عملی جدوجہد کی۔ کراچی کے علاقے سادات کالونی انچولی میں عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ کربلاء کی جنگ میں فتح اور نصرت نے اسلام کے قدم چومے اور خداوند تعالیٰ نے خاندان نبوت کو سرفراز کیا، آج بھی اسی فکر و فلسفے اور جرأت و بہادری پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے جو شہداء کربلاء اور ان کے رفقاء کا تھا تاکہ مشکلات و پریشانی سے نجات کے ساتھ ساتھ اسلام دشمن اور کفریہ طاقتوں کا مقابلہ کیا جاسکے۔ علامہ حیات عباس نجفی نے کہا کہ اس وقت ہم اور پوری اسلامی دنیا مظالم کا شکار ہے اور ہر طرف کشت و خون کا بازار گرم ہے جبکہ دین کا لبادہ اوڑھ کر مسلمان ہی مسلمانوں کو قتل کررہے ہیں اور کفر و الہاد کے فتوے لگا کر انتشار اور افراتفری کی فضا قائم کی جا رہی ہے جس کے خاتمے کیلئے ہمیں متحد ہونے کے ساتھ ساتھ دین کی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔