حضرت حسین ابن علیؑ کی سیرت و کردار پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، علامہ کمیل مہدوی
شیعہ نیوز:کراچی میں محفل مرتضیٰ پی ای سی ایچ سوسائٹی کشمیر روڈ میں منعقدہ عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کے دوران علامہ کمیل مہدوی نے کہا کہ مسلمان حضرت حسین ابن علیؑ کی سیرت و کردار پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کریں، اس کے علاوہ قرآنی تعلیمات سے بھی وابستہ رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ انسانیت کی فلاح و بہبود اور کامیابی و کامرانی سے ہمکنار ہونے کیلئے اس در سے وابستہ ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری اسلامی دنیا میں کشت و خون کا بازار گرم ہے، اس کی بڑی وجہ اسلام کے سنہری اصولوں اور تعلیمات محمدؐ و آل محمدؑ سے دوری ہے، لہٰذا حسینی فکر و فلسفہ اپنا کر دین کو مزید مستحکم کرنا ہوگا تاکہ یہ بات باور ہوجائے کہ خانوادہ رسولؐ کے پیروکاران تبلیغ و ترویج دین کیلئے یکجا ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ افکار حسینیؑ زندہ رہیں اور مسلمان سختی سے اس پر عمل پیرا ہوکر دین کے پرچم کو بلند کریں۔