چور مجھے بدنام کرنے کیلیے گندی ویڈیوز بنارہے ہیں، عمران خان
شیعہ نیوز: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چور مجھے عوام میں گندا اور بدنام کرنے کے لیے ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کی مدد سے گندی گندی ویڈیوز تیار کررہے ہیں۔
ننکانہ صاحب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ مجھے اور میری پارٹی کو عوامی سطح پر گندا کرنے کے لیے گندی گندی ویڈیوز تیار کررہے ہیں۔
عمران خان نے اعلان کیا کہ وہ وزیراعظم ہاؤس کی محفوظ لائن ٹیپ ہونے کے خلاف عدالت جارہے ہیں تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ کون سی ایجنسی اس کام میں ملوث ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میرے ساتھ دشمنوں والا سلوک ہورہا ہے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاناما لیکس میں انکشاف ہوا تھا کہ لندن کے چار فلیٹس مریم نواز کی ملکیت ہیں جبکہ ان کے پاس اتنا پیسہ ہی نہیں کہ اتنے مہنگے فلیٹس خرید سکتے۔
عمران خان نے سائفر کا معاملہ اٹھانے اور اسے سامنے لانے پر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی تحقیقاتی کمیٹی یہ اپنے فائدے کے لیے بنا رہے ہیں اگر واقعی تحقیقات کرنی ہیں تو غیرمتنازع ججز پر مشتمل آزاد جوڈیشل کمیشن بنا کر اس کی انکوائری کرائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سائفر کے حوالے سے جب بھی تحقیقات ہوں گی تو یہی بات سامنے آئے گی کہ ہماری حکومت کو بیرونی سازش کے تحت غلط طریقے سے ہٹایا گیا۔
عمران خان نے جلسے میں شریک کارکنان اور عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ سب لانگ مارچ کی تیاری کریں، میں جلد آپ کو کال دینے جارہا ہوں اور اس میں اب زیادہ دیر نہیں لگے گی‘۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے حکومت کو چلینج کرتے ہوئے کہا کہ آپ جو بھی کرلیں عوام کو نہیں روک سکیں گے کیونکہ اس بار جو سمندر آئے گا تو آپ کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔