یہ وقت اُمت میں اتحاد و یکجہتی پیدا کرنے کا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری
شیعہ نیوز: تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنے نوعیت کے ملکی تاریخ کے پہلے اور تاریخی دس ہزار سے زائد علماء پر مشتمل ختم بخاری شریف کے ملک گیر تدریسی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علما قرآن اور حدیث و سُنت کے علمی کلچر کا احیاء کرکے اُمت میں اتحاد و یکجہتی پیدا کریں یہ وقت فاصلے کم کرنے اور دلوں کو جوڑنے کا ہے۔ علمی اختلاف کو زحمت کی بجائے رحمت بنائیں۔ علم و تحقیق کے کلچر کو فروغ دے کر فروعی ابحاث اور مسلکی جھگڑوں کو کم سے کم کیا جاسکتا ہے۔ مسالک کے مابین اختلافات کم اور مشترکات زیادہ ہیں، علماء و شیوخ، محدثین، معلمین و معلمات، مدرسین و مدرسات اور طلباء و طالبات اختلافات کی بجائے مشترکات پر توجہ مرکوز کرکے اتحادِ اُمت کو فروغ دیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے تمام مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے ہزارہا علماء و مشائخ نے علم حدیث و سُنت کیلئے ایک جگہ جمع ہو کر فتنۂ انکارِ حدیث اور فتنۂ الحاد پر کاری ضرب لگائی ہے۔ یہ بات ذہن نشین کر لی جائے کہ فتنۂ انکارِ حدیث فتنہ انکار قرآن و اسلام ہے۔ انہوں نے منہاج یونیورسٹی لاہور کے گراؤنڈ میں ملک بھر سے آنیوالے علمائے کرام اور خواتین مذہبی سکالرز کو خوش آمدید کہا اور انہیں مُبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس تدریسی اجتماع میں کراچی سے خیبر تک، جامعۃ الرشید سے اکوڑہ خٹک کی جامعہ تک علماء و مشائخ شریک ہیں۔ پاکستان کے چاروں کونوں سے یہاں علماء آئے ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اہلِ علم نفرتوں کا خاتمہ اور اتحاد و یکجہتی کا ماحول چاہتے ہیں۔
انہوں نے اپنے 3 گھنٹے سے زائد دورانیہ کے خطاب میں کہا کہ دین کی حفاظت حدیث و سُنت کی حفاظت کے بغیر ناممکن ہے۔ حدیث و سُنت کی بنیاد پر جمع ہونا حقیقت میں عشقِ مصطفیٰﷺ پر جمع ہونا ہے۔ اُمت میں اعتدال و روداری پیدا کرنے کے لیے یہ سوچ اپنانا ہوگی کہ تمام مکاتب فکر حق پر ہیں، رفع یدین کرنے اور نہ کرنیوالوں کے جنت میں حلقات ہوں گے، یہاں بیٹھ کر جنت دوزخ کے ٹکٹ بانٹنا جہالت ہے۔ ظلم و جبر کے دور میں کبھی ضمیر نہ بیچو، علماء حق کی آواز بنیں، طبیعت میں انصاف اور اعتدال پسندی پیدا کریں۔ علمائے کرام برداشت اور روداری کا ماحول پروان چڑھا سکتے ہیں۔ 10 ہزار سے زائد علمائے کرام نے شیخ الاسلام سے اسنادِ اجازتِ حدیث لیں۔ خواتین سکالرز کی ایک بہت بڑی تعداد اس تدریسی اجتماع کا حصہ تھی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے علمائے کرام و مذہبی سکالرز کو ختم بخاری شریف کے اجتماع میں خوش آمدید کہا، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا۔