پنڈورا پیپرز میں شامل افراد کا کڑا احتساب ہونا چاہیے، پاکستان سنی تحریک
شیعہ نیوز: پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پنڈورا پیپرز میں شامل افراد کا کڑا احتساب ہونا چاہیے، کرپشن کا خاتمہ کرنا ہے تو اپنی صفوں میں بھی احتساب کا عمل شفاف اور غیر جانبدار بنانا ہوگا، پنڈورا پیپرز میں شامل افراد کی تحقیقات ایف بی آر، ایف آئی اے، نیب سے کرائی جائے، حکومتی نمائندہ اس سیل کا حصہ نہ بنے، ورنہ تحقیقات مشکوک ہو جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر سیاسی کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ کرنا انتہائی اہم اور بڑا کام ہے، کرپشن خاتمے کی مثبت پالیسیوں کا بھرپور ساتھ دینگے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی لوٹی گئی دولت لٹیروں سے واپس لینے کیلئے بڑے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، اعلیٰ عدلیہ پنڈورا پیپرز کے خلاف ازخود نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کو ختم کرنے کیلئے بے رحمانہ احتساب کی ضرورت ہے، چہرے بدلنے سے نہیں بلکہ نظام بدلنے سے تبدیلی آئے گی۔