پاکستانی شیعہ خبریں

جو لوگ فوجی جمہوریت کی بات کر رہے ہیں دراصل وہ فروغ آمریت کے خواہاں ہیں، علامہ احمد اقبال رضوی

شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے شعبہ خواہران کی ایک نشست سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انقلاب اسلامی ایران ظہور امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کا زمینہ ساز اور تمہید ہے، آج پوری دنیا میں مہدویت کی سوچ کو رائج کرنے میں انقلاب اسلامی ایران اور امام خمینی کے افکار کا بہت بڑا کردار ہے اور تشیع میں بھی انقلاب اسلامی اور فکر امام راحل تحول اور تحرک کا باعث بنا ہے۔ عالمی استعماری قوتوں کے خلاف جو مقاومتی تحریک اور سوچ موجود ہے اس کا موجب انقلاب اسلامی ایران ہے جو 1979 میں امام خمینی کی قیادت میں برپا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شہید قائد اور شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے اسلامی نہضت کی بنیاد رکھی اور آمریت کے خلاف جدوجہد کی اور انہوں نے ہمیشہ فوجی آمریت کے مقابلے میں جمہوری قوتوں کو سپورٹ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج جو لوگ فوجی جمہوریت کی بات کر رہے ہیں دراصل وہ فروغ آمریت کے خواہاں ہیں۔ فوجی جمہوریت کا راگ الاپنے والوں کا شہید قائد علامہ عارف الحسینی اور حضرت امام خمینی رضوان اللہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ آمریت یعنی آئین کی پامالی، آمریت یعنی عوامی رائے کی دھجیاں اڑانا آمریت یعنی ملک کو ترقی کی راہ سے ہٹا دینا۔ ایک آمر عوام کے بنیادی حقوق کو پامال کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی استعماری طاقتوں کے ہاتھوں میں کٹھ پتلی کی طرح استعمال ہوتا ہے۔پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں آمریت ہی ترقی کی راہ میں رکاوٹ کا پیش خیمہ ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے اندر حالیہ دنوں میں ہونے والے خواتین کی آزادی کے نام پر مظاہروں میں یہ پروپیگنڈہ کرنا کہ پچاس فیصد خواتین حجاب کے خلاف نکل آئی ہیں سراسر جھوٹ پر مبنی ہے بلکہ اس بیرونی ایماء پر نکالے گئے۔

انہوں نے کہا کہ حجاب مخالف جلوسوں میں شرکاء کی قلیل شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ آج بھی عوام کا اکثریتی طبقہ انقلاب اسلامی ایران کے ساتھ کھڑا ہے اور ایرانی مرد و خواتین اسلامی ثقافت و مقدسات کے تحفظ کے لئے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ آخر میں انہوں نے شیراز میں ہونے والی دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کی اور شہداء کو خراج عقیدت و سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ شہداء کے خانوادوں سے اظہار تعزیت و دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button