
لاہور، جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں ’’یزیدیت شکن اربعین حسینی‘‘ کا انعقاد، ہزاروں عزاداروں کی شرکت
شیعہ نیوز:جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور میں تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے زیراہتمام یزیدیت شکن اربعین حسینی کا اہتمام کیا گیا۔ پروگرام میں علامہ سید جواد نقوی نے خصوصی شرکت کی جبکہ پاکستان کے اہم شہروں سے بھی عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، اس موقع پر ملک کے نامور نوحہ خواں حضرات نے نوحہ خوانی کی۔ عزداروں نے ماتم کیا اور سیدہ کائنات کو پرسہ دیا۔ ترجمان جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے مطابق یزیدیت شکن اربعین حسینی بامقصد عزاداری کے قیام کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری دراصل پیغام کربلا پر عمل کرنا، امامِ وقت کیساتھ ہل من ناصر کی صدا پر لبیک کہنا اور اپنی حمایت کا یقین دلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری عزاداری رسومات کا شکار ہوگئی ہے، جس سے مقصد عزاداری فوت ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق اب ہم علامہ سید جواد نقوی کی قیادت میں عزاداری کو اس کے حقیقی مفہوم کے مطابق متعارف کروا رہے ہیں اور یہ ’’یزیدیت شکن اربعین حسینی‘‘ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امام حسینؑ نے میدان کربلا میں اپنے اعوان و انصار کی قربانی اس لئے نہیں دی کہ ہم روئیں، بلکہ ان کی قربانی کا مقصد دین کی بقاء کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی میں مقصد کربلا سے ہٹایا گیا، عزاداری کی جو شکل متعارف کروائی گئی، اس کا کربلا سے کوئی تعلق نہیں، اس لئے ضرورت اس امر کی تھی کہ عزاداری کو اس کے حقیقی مفہوم کیساتھ متعارف کروایا جائے اور اس کیلئے یزیدیت شکن اربعین حسینی کا اہتمام کیا گیا۔