لندن میں خواجہ آصف کو گالیاں اور دھمکیاں
برطانوی دارالحکومت میں ایک نامعلوم شخص نے وزیر دفاع کا تعاقب کیا اور انہیں چاقو سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی
شیعہ نیوز: برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے واقعہ کے بعد ایک اور ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے، ایک نامعلوم شخص نے وزیر دفاع پاکستان خواجہ محمد آصف کے ساتھ ٹرین سے نکلتے وقت بدتمیزی کی اور پھر دھمکی دینے لگا۔ خواجہ آصف لندن میں ٹرین کے ذریعے ساتھی کے ہمراہ سفر کر رہے تھے، نامعلوم شخص نے پہلے جملے کسے اور پھر دھمکی آمیز الفاظ استعمال کیے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی دباو کے باعث پاکستان میں فلسطین کے لیے آواز اٹھانا جرم بن گیا ہے، سراج الحق
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ لندن میں دھمکی دینے والے واقعے کو رپورٹ کرانے کا پراسس چل رہا ہے۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ وہاں کیمرا بھی لگا ہوا تھا، میں دھمکی دینے والے کو نہیں پہچانتا ہوں۔ آج چند روز قبل کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، جس میں لندن میں خواجہ آصف کو گالیاں اور دھمکیاں دی گئیں۔ برطانوی دارالحکومت میں ایک نامعلوم شخص نے وزیر دفاع کا تعاقب کیا اور انہیں چاقو سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی۔ خواجہ آصف کے قریبی ذرائع کے مطابق لندن میں پیش آنے والے واقعے کی تصدیق کی اور ویڈیو کو حقیقی قرار دیا۔
اس واقعہ کے بعد حکومت پاکستان نے وزیر دفاع کے ساتھ لندن میں پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیا اور پاکستانی ہائی کمیشن کو ہدایت کی کہ وہ واقعے پر برٹش ٹرانسپورٹ پولیس سے رابطہ کرکے تحقیقات کروائے۔ اس معاملے پر سابق وزیراعظم اور نون لیگ کے قائد نواز شریف نے بھی ردعمل دیا اور کہا کہ میں خواجہ آصف کو کالج کے زمانے سے جانتا ہوں، یہ مرد مجاہد ہیں، جہاں کھڑے ہوجاتے ہیں پھر بیٹھتے نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے خواجہ صاحب کے ساتھ یہ حرکت کی، ان کے نصیب میں یہی ہے، لوگوں کے پیچھے بھاگنا، یہی ان کی ٹریننگ اور گرومنگ کی گئی ہے۔