اہلبیت اطہارؑ کی تعظیم و تکریم عین ایمان ہے، طاہرالقادری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبرساں ادارہ) تحریک منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ حضور اکرم (ص) نے حضرت علی ؑ کو علم کا دروازہ قرار دیا، دنیا کا کوئی علم ایسا نہیں ہے جو آپؑ کی دسترس سے باہر ہو، آقائے دو جہاں (ص) کی طرف سے آپ کو علم کا دروازہ قرار دینا عام بات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ خدمت دین و انسانیت کے جذبہ کے تحت دین و دنیا کے علوم حاصل کرنیوالے حضرت علیؑ شیر خدا کے طریق پر ہیں، اہلبیت اطہارؑ کی عزت، حرمت، تعظیم و تکریم عین ایمان ہے۔ وہ منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ فکری نشست سے بذریعہ آڈیو لنک خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر علامہ امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر، علامہ غلام اصغر صدیقی، علامہ خلیل حنفی، علامہ عثمان سیالوی، علامہ امداد اللہ شاہ و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ فہم و فراست علم و حکمت کے باب میں حضرت مولا علی علیہ السلام کا مقام و مرتبہ بہت اونچا اور بلند ترین ہے، حضرت علی علیہ السلام نے حضور نبی اکرم (ص) سے ہزاروں احادیث مقدسہ روایت کی ہیں، حضرت علیؑ کے علمی نکات، فتاوی اور بہترین فیصلوں کا انمول مجموعہ اسلامی علوم کے خزانوں کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی جملہ خصوصیات میں ایک عظیم خصوصیت یہ بھی ہے کہ آپ علیہ السلام نبی اکرم (ص) کے سگھے چچا زاد بھائی ہونے کے علاوہ ’’عقد مواخات‘‘ میں بھی آپ کے بھائی ہیں، حضور نبی کریم (ص) نے حضرت علی علیہ السلام کو مولائے کائنات کے لقب سے نوازا ہے۔