سائفر کی تلاش کے لیے بنی گالہ پر ریڈ ہونا چاہیے، مریم نواز
شیعہ نیوز: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ بنی گالہ نہیں، منی گالہ ہے اور سائفر کی تلاش کے لیے بنی گالہ پر ریڈ ہونا چاہیے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سمیت دیگر رہنما کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ سازش کا ماسٹر مائنڈ فارن فنڈز فتنہ عمران خان ہے، عوام نے بہت سخت دن دیکھے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ میری آڈیوز بھی لیک ہوئی، ن لیگ کی کسی آڈیو میں آپ کو ملک کے خلاف بات سننے کو نہیں ملے گی، مجھے پہلے دن سے معلوم تھا یہ شخص جھوٹ بول رہا ہے، اس صدی کا سب سے بڑا جھوٹ یہ ہے کہ عمران خان کبھی سچ بول سکتا ہے۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ میں نے 4 برس نواز شریف کے ساتھ وقت گزارا تو ان کو کام کرتے دیکھا، صرف سازش نہیں ہوئی یہ ٹیمپرنگ ہوئی ہے، بیگم صاحبہ نے پہلے کہا تھا اس کو سازش اور غداری میں چھپا دو۔
مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ جتنی بار آڈیو سنیں گے تو آپ کو پتا چلے گا ملک کے ساتھ کتنا بڑا کھیل کھیلا گیا، میں اس شخص کو اپنے گھر کے باہر والے دروازے سے بھی اندر نہ آنے دوں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ دیکھ لیں، عمران خان نے جاتے جاتے آئین توڑ دیا، پاکستان کی سب سے بڑی عدالت سے آپ کے خلاف فیصلہ آیا کہ آپ نےآئین توڑا، فارن فنڈڈ کے علاوہ آپ نے جاتے جاتے آئین توڑا، اس شیطانی ذہن کے ہاتھوں پاکستان کی قوم 4 سال سے یرغمال بنی ہوئی ہے۔