ٹرمپ انتظامیہ کے یکطرفہ اقدامات صرف ایران تک محدود نہیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے ایک بار پھر کہا ہے ایران کو امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ٹرمپ انتظامیہ کے یکطرفہ اقدامات صرف ایران تک محدود نہیں بلکہ امریکہ کے یورپی اتحادی بھی اس کا نشانہ بن رہے ہیں.۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقتصادی شعبے میں سرگرم کارکن اور تاجر برداری و کاروباری حلقے، جوہری معاہدے کے فریم ورک کے اندر یورپ سے مزید توقع رکھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار محمد جواد ظریف نے فین لینڈ کے وزیر برائے خارجہ تجارت ویلہ اسکیلاری کےساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ظریف نے ایران جوہری معاہدے کے بھر پور نفاذ اور ایران کے تجارتی تعلقات کی بحالی میں بطور یورپی یونین کونسل کی قیادت کے فین لینڈ کے کردار پر زور دیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران مخالف امریکی معاشی جنگ کے بُرے اثرات جو براہ راست ایرانی عوام کو نشانہ بنایا گیا ہے، کی کمی کیلئے باہمی تجارتی تعلقات کے فروغ اور اینسٹیکس جیسے میکنزم کا استعمال موثر ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ ظریف نے اس ملاقات سے پہلے اپنے فینیش ہم منصب کیساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کسی بین الاقوامی تنظیم نے ایرانی تیل کی فروخت کیخلاف پابندی نہیں لگائی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران، یورپی یونین کے فیصلوں پر پابند نہیں ہے اور یورپی یونین بھی غیر اراکین ممالک پر اپنے فیصلوں کو مسلط کرنے کی خواہاں نہیں ہے۔
درایں اثنا این بی سی ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایک بار پھر تہران کے اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ ایران نے کبھی جنگ میں پہل نہیں کی ہے لیکن جارحین کو ہمیشہ عبرت کا سبق ضرور سکھایا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ ایران خود کو عدم جارحیت کا پابند سمجھتا ہے لیکن ہر طرح کی جارحیت کا منھ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔