
مذاکرات کا آغاز ایران کرے، ٹرمپ کو کوئی جلدی نہیں، امریکی وزارت خارجہ
شیعہ نیوز: امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کو کسی قسم کی جلدی نہیں لہذا مذاکرات کے لیے ایران کو پہلا قدم بڑھانا ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان ٹمی بروس نے ایک بار پھر ایران کے ساتھ مذاکرات کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ واشنگٹن توقع رکھتا ہے کہ تہران پہل کرے اور مذاکرات کا آغاز کرے۔
انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے معاملے میں تاحال سفارتکاری کو ترجیح دیتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ اس مسئلے کا حل بات چیت کے ذریعے ممکن ہے۔ تاہم امریکہ کسی بھی جلدبازی میں نہیں اور اب گیند ایران کے کورٹ میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شام پر صہیونی حکومت کی جارحیت، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب
ترجمان نے دعوی کیا کہ ہم نے جو بھی اقدامات کیے، ان سے پہلے بھی صدر نے مذاکرات میں دلچسپی ظاہر کی تھی اور اب بھی ان کا یہی مؤقف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اس وقت بخوبی جانتا ہے کہ اس کے پاس کیا آپشنز موجود ہیں اور امریکہ کا مؤقف واضح رہا ہے۔ صدر صبر و تحمل سے کام لے رہے ہیں، ان کی حکومت بھی صبر سے کام لے رہی ہے۔ لیکن ہم چاہتے ہیں کہ ایران مذاکرات کا آغاز کرے کیونکہ یہ خود ایران کے مفاد میں ہے۔