ٹرمپ کا اعلان؛ آل سعود آل یہود سے سفارتی تعلقات قائم کریں گے!
شیعہ نیوز : متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی برقراری کے معاہدے پر ہونے والے دستخط کی سیاہی ابھی خشک نہیں ہوئی تھی کہ امریکہ کے صدر نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب بھی اسرائیل کو جلد ہی تسلیم کر لے گا۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عرب اماراب اور بحرین کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے بعد آج بروز بدھ امریکی صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ سعودی عرب نے بھی مناسب وقت پر اسرائیل کو تسلیم کرنے اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی برقراری کا وعدہ دیا ہے اور اس کے علاوہ تقریبا 7 سے 9 ایسے دیگر ممالک بھی ہیں جو اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی برقراری کا اعلان کریں گے۔
دوسری جانب امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امارات ، بحرین اور اسرائیل کے درمیان ذلت آمیز اورسازشی معاہدے پر دستخط کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کے لیے مزید 5 یا 6 ممالک تیار ہیں۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کئی ممالک اسرائیل کے ساتھ تعلقات تیار کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انھوں نے کہا کہ 5 یا 6 ممالک ایسے ہیں جو بہت جلد اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرلیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے بہت مفید گفتگو ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب بھی اسرائیل کے ساتھ ذلت آمیز معاہدے کے لئے صف میں کھڑا ہے۔ ادھر فلسطین میں خائن عرب حکمرانوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ فلسطینیوں نے عرب عوام سے خائن حکمرانوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ اب تک متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات کا اعلان کیا ہے جبکہ اس سے پہلے تک فلسطینی امنگوں کے برخلاف ان ممالک نے اسرائیل کے ساتھ در پردہ خفیہ روابط قائم کر رکھے تھے اور اب ان تعلقات کو برملا کیا ہے تاکہ نومبر کے مہینے میں امریکہ کے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کو اس کا فائدہ پہنچ سکے۔