ٹرمپ کے صدی ڈیل منصوبے کا اصل مقام کوڑے دان ہے۔ کویت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کویت کی اسمبلی کے اسپیکر شیخ مرزوق الغانم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فلسطین اور اسرائیل کے لیے امن منصوبہ کو کچرا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کا اس منصوبے کا اصل مقام تاریخ کا کوڑے دان ہے۔
یہ بات انہوں نے اردن میں عرب پارلیمنٹیرینز کی کانفرنس سے خطاب میں کہی، اپنے خطاب میں انہوں نے فلسطین اور اسرائیل کے لیے امن منصوبہ کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔
ان کا کہنا تھا کہ میں عرب اور تمام مسلم اقوام اور دنیا کے ہر آزاد شخص کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ کہتا ہوں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اس صدی منصوبہ کا اصل مقام تاریخ کا کوڑے دان ہے۔
یہ بات کہتے ہوئے کویت اسمبلی کے اسپیکر شیخ مرزوق الغانم نے ٹرمپ منصوبہ کی کاپی ردی کی ٹوکری میں پھینک دی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مسجد اقصیٰ کے امام و خطیب اور مفتی اعظم فلسطین الشیخ محمد حسین نے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کا تیار کردہ نام نہاد امن منصوبہ صدی کی ڈیل فلسطینی قوم کو اس کے حقوق سے محروم کرنے ناکام کوشش ہے، فلسطینی قوم اس سازشی منصوبے کو تاریخ کے کوڑے دان میں پھینک دے گی۔
فلسطینی صدر محمود عباس نے بھی اس منصوبے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے بکواس قرار دیا اور کہا ہے کہ نہ تو فلسطینی عوام اس معاہدے کو قبول کریں گے اور نہ ہی ہتھیار ڈالیں گے۔
ان کا کہنا تھا میں ٹرمپ اور نیتن یاہو سے کہتا ہوں کہ یروشلم برائے فروخت نہیں ہے، ہمارے تمام حقوق فروخت کے لیے نہیں ہیں اور نہ ہی سودے بازی کے لیے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کے لیے امن منصوبے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ یروشلم (بیت المقدس) اسرائیل کا غیر منقسم دارالحکومت رہے گا جبکہ فلسطینیوں کو مشرقی یروشلم میں دارالحکومت ملے گا اور مغربی کنارے کو آدھے حصے میں نہیں بانٹا جائے گا۔